ماسکو(رپورٹنگ آن لائن) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس دنیا میں کوئلے کے دوسرے سب سے بڑے ذخائر رکھتا ہے اور کوئلے کی صنعت کو درپیش موجودہ مشکلات کے باوجود عالمی منڈی میں اپنی نمایاں پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔کان کنوں کے دن کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ کوئلہ، کوک، خام لوہا اور دیگر معدنی وسائل آج بھی روسی معیشت کی بنیادی طاقتوں میں شامل ہیں۔
روسی صدر کے مطابق روس کوئلے کے ذخائر کے لحاظ سے دنیا میں دوسرے، کوئلے کی برآمدات میں تیسرے جبکہ پیداوار کے اعتبار سے چھٹے نمبر پر ہے، کوئلے کی صنعت کے لیے موجودہ دور مشکل ہونے کے باوجود روس عالمی منڈی میں اپنی اہم پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔صدر پوتن نے کہا کہ روس کوکنگ کول اور تھرمل کول کی اپنی داخلی ضروریات بھی مکمل طور پر پوری کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال روس میں کوئلے کی پیداوار 440 ملین میٹرک ٹن کی سطح پر برقرار رہی، جبکہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران اس شعبے میں محنت کی پیداواری صلاحیت میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ولادیمیر پوتن نے کہا کہ حکومت کوئلے کی صنعت کی مزید ترقی کیلئے اقدامات جاری رکھے گی، جن میں نقل و حمل اور لاجسٹکس کو بہتر بنانا، کام کی جگہوں پر حفاظت یقینی بنانا، کان کنوں کے خاندانوں کے معیار زندگی میں بہتری اور کان کنی سے وابستہ شہروں اور آبادیوں کی ترقی شامل ہے۔
صدر پوتن کے مطابق جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل آلات کے استعمال سے کان کن یہ ثابت کر رہے ہیں کہ جدید کوئلہ کان کنی مستقبل کی صنعت ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئلے کی صنعت میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری اور کان کنی سے وابستہ پیشوں کے وقار میں اضافہ بھی اہم ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔









