محمد جاوید قصوری 60

روزانہ25.4 ارب روپے کا قرض، جماعت اسلامی پنجاب کی تشویش

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے تین روزہ اجتماعِ عام کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیںم مینارِ پاکستان پر منعقد ہونے والا یہ تاریخی اجتماع 21 سے 23 نومبر تک جاری رہے گا.

جس میں ملک بھر سے لاکھوں مرد و خواتین، بچے، بزرگ اور نوجوانوں کی شرکت ہونگے مانتظامیہ کے مطابق پنڈال کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں، سیکورٹی کے فول پروف انتظامات، پارکنگ کے خصوصی پلان، رہائش گاہوں، طعام، میڈیکل اور معلوماتی مراکز کے قیام کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں اجتماع عام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اجتماع ملک میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

عوام مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور بدانتظامی سے تنگ آچکے ہیں اور اب ایک منظم، پرامن اور اصولی جدوجہد کے ذریعے پاکستان کو درست سمت میں لے جانا وقت کی ضرورت ہے۔ اجتماع میں قومی مسائل کے حل، حکومتی نظام کی شفافیت، اسلامی فلاحی ریاست کے قیام اور نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔ یہ اجتماع نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ پوری قوم کے لیے امید کی نئی کرن بنے گا اور مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھے گا۔انہوں نے موجودہ معاشی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کی وفاقی حکومت اپنے ہی جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق روزانہ 25.4 ارب روپے کا نیا قرضہ لے رہی ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک خطرناک اشارہ اور مستقبل کی تباہ کن منصوبہ بندی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران طبقات اپنے شاہانہ اخراجات، فضول پروٹوکول، اور غیر ضروری سرکاری مراعات میں کسی قسم کی کمی نہیں لاتے، لیکن قرضوں کا بوجھ مسلسل عوام کے کندھوں پر منتقل کیا جا رہا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے معاشی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے اور حکومت کو واضح پیغام دیتی ہے کہ قرضوں کے بل بوتے پر ملک نہیں چل سکتا۔جماعت اسلامی قوم کو مایوسی سے نکالنے اور پاکستان کو مضبوط، خودمختار اور خوشحال ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

موجودہ معاشی بحران کا حل صرف دیانت دار قیادت، واضح سمت اور عوام دوست پالیسیوں میں ہے،جماعت اسلامی کا 21تا23نومبر کو مینار پاکستان پر ہونے والا اجتماع عام موجود ہ فرسودہ نظام کو بدلنے کا آغاز ہو گا ۔ عوام ہمارا ساتھ دے تو ملک و قوم کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں