اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ رمضان المبارک تقویٰ، اخلاص ،قربِ الٰہی کے حصو ل کا بہترین موقع ہے،یہ مہینہ ہمیں تزکیہ نفس، صبر، استقامت، ہمدردی، مساوات اور اتحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے،قوم مبارک مہینے میں خیرات و صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے، ضرورتمند افراد کا خیال رکھے، یہی وہ اصول ہیں جو مضبوط، ترقی یافتہ اور ہمدردی کی بنیاد پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
رمضان المبارک1446ھ کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہاکہ میں پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ ہمیں تزکیہ نفس، صبر، استقامت، ہمدردی، مساوات اور اتحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ رمضان المبارک تقویٰ، اخلاص اور قربِ الٰہی حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔
یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اصلاح کا ماحول پیدا کر کے اپنی زندگیوں کو از سر نو شروع کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک ہمیں ضرورت مندوں اور محروم طبقات کی تکلیف کا احساس بھی دلاتا ہے۔ رمضان المبارک کا پیغام یہی ہے کہ ہم اپنی ذات سے بلند ہو کر دوسروں کی مدد کریں، غرباء و مساکین کی حاجت روائی کریں، اور معاشرے میں ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مبارک مہینے میں خیرات و صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ضرورت مند افراد کا خاص خیال رکھیں، ہمیں اپنی استطاعت سے بڑھ کر غریبوں کا سہارا بننے کی ضرورت ہے، یہی وہ اصول ہیں جو ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور ہمدردی کی بنیاد پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس کے ذریعے ہم رمضان کے مقاصد اور اس کے ثواب کے حصول میں کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہونے، صبر و تقویٰ اختیار کرنے، اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ یہ مہینہ ملک پاکستان کیلئے امن و استحکام اور ترقی اور خوشحالی کا پیغام لیکر آئے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو! آمین۔