سرفراز بگٹی 66

دہشت گرد عناصر خواتین کو گمراہ کرکے خودکش حملہ آور بنانا چاہتے ہیں ،میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں خواتین انٹرپینورز کے لیے پہلی اے آئی لیب کے قیام کو معاشی استحکام اور خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے اس پیش رفت پر مسرت کا اظہار کیا ہے .

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کے ٹوئٹ پر اپنے ردعمل میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبے میں خواتین انٹرپینورز کے لیے پہلی اے آئی لیب کا افتتاح بظاہر ایک چھوٹا قدم ہے، تاہم درحقیقت یہ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم، خودمختار اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 20 خواتین انٹرپینورز کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس پروگرام کو مرحلہ وار بلوچستان کے تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت سے مستفید ہو سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر خواتین کو گمراہ کرکے خودکش حملہ آور بنانا چاہتے ہیں،

تاہم بلوچستان حکومت خواتین اور نوجوانوں کو ترقی، تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے مثبت اور محفوظ مستقبل کی راہ پر گامزن کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ پنک اسکوٹی اسکیم، اسکالرشپس، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اور اے آئی لیب جیسے منصوبے خواتین کو خودمختار، باوقار اور روشن مستقبل فراہم کرنے کی عملی کوششیں ہیں میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین اور نوجوانوں کی ترقی، معیاری تعلیم، ہنر مندی اور معاشی خودمختاری بلوچستان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں