شازیہ ماریہ 20

دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں قابلِ ستائش ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔شازیہ مری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کے حالیہ آپریشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر آپریشن میں 22 دہشتگردوں کی ہلاکت سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اپنے بیان میں شازیہ مری نے سیکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی قربانیاں قابلِ ستائش ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے امن و استحکام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار قوم کے حقیقی ہیروز ہیں۔انہوں نے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 10 سالہ معصوم بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان کی قیادت خطے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ کے لیے سنجیدہ اور بھرپور کوششیں کر رہی ہے، تاہم دہشتگرد عناصر ان کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے اور پوری قوم کو یکجا ہو کر ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ شازیہ مری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی اتحاد اور مشترکہ کاوشوں کے ذریعے دہشتگرد عناصر کو شکست دی جائے گی اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں