یوسف رضا گیلانی

دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی، ہمیں بھی وقت کے مطابق خود کو بدلنا ہوگا، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، وقت کے تقاضوں کے مطابق ہمیں بھی خود کو بدلنا ہوگا۔وہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے سے متعلق مارگلہ ڈائیلاگ سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ مستقبل کے چیلنجز کا اجتماعی بصیرت اور دانش سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے، تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں کے پیش نظر ہمیں فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، عدم عالمگیریت کے باعث دنیا میں نئے اتحاد بن رہے ہیں، نئے اتحادوں نے اقوام متحدہ اور ڈبلیو ٹی او جیسے عالمی اداروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،عالمی طاقتوں کے درمیان مقابلے سے ترقی پذیر ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کو مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے، ہمیں مل کر خطہ کو ہر امن بنانا ہے، ہمارا مشن ملک میں عدل سے بھرپور معاشرہ، سماجی، معاشی اور معاشرتی ترقی ہے، ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جہاں سیاسی استحکام ہو۔