جنرل ہسپتال

خیبر پختونخوا ہ کی جواں سالہ مریضہ کا جنرل ہسپتال میں پیچیدہ آپریشن کامیابی سے ہمکنار –

لاہور۔29ستمبر(زاہد انجم سے)ملک کے مختلف ہسپتالوں میں علاج معالجے کیلئے چکر کاٹنے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان(خیبر پختونخواہ) سے تعلق رکھنے والی نوجوان مریضہ زکیہ کا لاہور جنرل ہسپتال میں انتہائی پیچیدہ آپریشن کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے اور زندگی اور موت کی جنگ میں مبتلا جواں سالہ مریضہ کو ایل جی ایچ کے ماہر سرجنز نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے نئی زندگی لوٹا دی ۔

پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹرخضر حیات گوندل کی سربراہی میں ڈاکٹر خلیل احمد، ڈاکٹر اظفر علی، ڈاکٹر ہارون اسرار اور ڈاکٹر عمران نیازی پر مشتمل میڈیکل ٹیم نے یہ پیچیدہ آپریشن مکمل کیا جس پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے پروفیسر خضر حیات اور اُن کی ٹیم کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو شاندار الفاظ میں سراہا اور اُنہیں مبارکباد دی۔ تفصیلات کے مطابق 24سالہ زکیہ نامی مریضہ کا ڈیرہ اسماعیل خان میں دوران آپریشن گردے سے مثانے میں جانے والی نالی کٹ گئی تھی جس سے یورین پیٹ میں جانے سے انفیکشن پھیلنے لگا اور مریضہ کی حالت تشویشناک ہو گئی۔

لواحقین نے بتایا کہ زکیہ کو ڈی آئی خان سے میانوالی پھر اسلام آباد میں منتقل کیا گیا مگرپیچیدگیاں بڑھنے سے مایوس ہو کر ڈیرہ اسماعیل خان واپس آئے بعدازاں مریضہ کو جنرل ہسپتال لایا گیا جہاں پروفیسر آف یورالوجی پروفیسر خضر حیات گوندل کی سربراہی میں مریضہ کا تفصیلی طبی معائنہ کر کے کامیاب آپریشن مکمل کیا گیا جبکہ جنرل ہسپتال میں مریضہ کو تمام طبی سہولیات مفت بہم پہنچائی گئیں۔

ایل جی ایچ میں مسیحائی کے اس اعلیٰ کارنامے پرپرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح جبکہ صوبے بھر کو بیماریوں سے پاک کرنا اُن کا ویژن اور ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہونے کے ساتھ ساتھ اس ادارے کے پیشہ ورانہ مہارت اور قابلیت کے علمبردار تمام ڈاکٹرز، پروفیسرز اور عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی انسانیت کے تحفظ اور انسانی جان کو بچانے کے لئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کی لگن کی وجہ سے اس ادارے پہ عوام کا اعتماددن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں اور دیگر صوبوں سے لوگ یہاں آ کر علاج کرانے کو ترجیح دیتے ہیں جو اس ادارے کی اچھی ساکھ و شہرت، اور یہاں کے ڈاکٹروں کی فرض شناسی و انسانیت کے لئے ہمدردی پر مبنی بہترین سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ کے تمام شعبوں میں جدید طبی آلات کی دستیابی سے پیچیدہ سے پیچیدہ آپریشن بھی ممکن ہو گئے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے خیبر پختوا ہ سے آئی مریضہ کی جان بچانے پر ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ اسی جذبے، محنت اور لگن کے ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔

مریضہ کے اہل خانہ نے زکیہ کی جان بچنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اظہار مسرت کرتے ہوئے جنرل ہسپتال کے ہیلتھ پروفیشنلز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نے بھرپور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے ہماری بچی کو موت کے منہ میں جانے سے بچا لیا ہے جس کیلئے ہمارا خاندان ہمیشہ پنجاب حکومت اور ایل جی ایچ کے ہیلتھ پروفیشنلز کا مشکور رہے گا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی مریضہ زکیہ ایک ماہ تک ہسپتال میں زیر علاج رہی اور لواحقین کو قیام و طعام کی آسائش کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز کی طرف سے مالی امداد ے کر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔