شفیع جان 31

خیبرپختونخوا حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ،جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کیلئے کوششیں جاری رکھے گی،شفیع جان

کوہاٹ (رپورٹنگ آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقاتِ عامہ شفیع جان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں اتوار کے روز کوہاٹ میں نجی شعبے کے تعاون سے قائم جدید شاہ جی ٹرمینل کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی عمائدین، ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد، کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شفیع جان نے کہا کہ شاہ جی ٹرمینل کا قیام کوہاٹ کے عوام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے جس کے ذریعے شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کے مطابق نئے ٹرمینل میں مسافروں کے لیے بہتر انتظار گاہیں، منظم ٹرانسپورٹ نظام، جدید سہولیات اور محفوظ سفری ماحول فراہم کیا گیا ہے جبکہ آمدورفت کے نظام میں بہتری سے شہریوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر نہ صرف عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بناتا ہے بلکہ مقامی تجارت، کاروباری سرگرمیوں اور علاقائی معیشت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ جی ٹرمینل مستقبل میں کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں کے درمیان سفری رابطوں کو مزید مؤثر، تیز اور سہل بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے ٹرمینل کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، دستیاب سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔شرکاء نے شاہ جی ٹرمینل کے قیام کو علاقے کی ترقی، عوامی سہولت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کی بہتری کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے نہ صرف سفری سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقے کی معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی نئی تقویت ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں