لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان اور بھارت میں کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے خوبرو اداکار فواد خان کل (اتوار)29نومبر کو اپنی 45ویں سالگرہ منا ئیں گے ۔اسٹار چاکلیٹی ہیرو فواد خان نومبر 1981 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ فواد افضل خان نے بطور گلوکار اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا، انہوں نے احمد علی بٹ اور دیگر دوستوں کے ساتھ مل کر ای پی بینڈ بنایا، ان کے کئی نغمے مشہور ہوئے۔2007 میں انہوں نے ہدایتکار شعیب منصور کی فلم خداکے لیے میں اہم کردار نبھایا۔ فواد خان کو اصل شہرت اداکاری کے میدان میں ملی۔
2011 میں ڈرامہ سیریل ہم سفر میں اشعر حسین کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، اگلے برس ڈرامہ سیریل زندگی گلزارہے میں انہوں نے زرعون جنید کا کرداراس خوبی سے نبھایا کہ ان کی شہرت کا ڈنکہ پوری دنیا میں بج اٹھا۔ فواد خان پاکستان کے وہ کامیاب اداکار ہیں جنہوں نے بالی وڈ میں بھی کامیاب اور سپر ہٹ فلمیں دیں جن میں فلم خوبصورت،کپور اینڈ سنز اوراے دل ہے مشکل شامل ہیں، انہیں ملک اور بیرون ملک کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔اداکار فواد خان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹیں گے۔









