بلاول بھٹو زرداری 40

خواتین کے حقوق کی جدوجہد دراصل جمہوریت، مساوات اور سماجی انصاف کی وسیع تر جدوجہد کا لازمی حصہ ہے، بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی خواتین کی جراَت، استقامت اور معاشرے کے لیے گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد دراصل جمہوریت، مساوات اور سماجی انصاف کی وسیع تر جدوجہد کا لازمی حصہ ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا حقیقی پیمانہ یہ ہے کہ وہ اپنی خواتین کو کتنی عزت، آزادی اور مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد دراصل جمہوریت، مساوات اور سماجی انصاف کی وسیع تر جدوجہد کا لازمی حصہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تاریخی میراث آج بھی نئی نسلوں کو حوصلہ دیتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بی بی شہید کی لیگیسی ہمت دیتی ہے کہ خوف کی زنجیریں توڑیں، رکاوٹوں کو عبور اور جراَت کے ساتھ قیادت کریں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے اپنے عزم کو صرف نعروں تک محدود نہیں رکھا۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق کیلئے اپنے عزم کو عملی اقدامات کے ذریعے حقیقت کا روپ دیا۔

انہوںنے کہاکہ مسلم دنیا کو پہلی خاتون وزیرِاعظم دینے سے لے کر خواتین کو اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیرِ خارجہ جیسے اہم عہدوں تک پہنچایا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو قیادت اور فیصلہ سازی کی صفِ اول میں رکھا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخی قانون سازی میں بھی قائدانہ کردار ادا کیا ہے،اْس قانون سازی کے تحت خواتین کے خلاف جرائم اور کام کی جگہ پر ہراسانی کو ناقابلِ مصالحت جرائم قرار دیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے تاریخی اقدامات نے لاکھوں خواتین کو بااختیار بنایا اور ملک بھر میں خاندانوں کو سہارا دیا۔ انہوںنے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو عالمی بینک سمیت بین الاقوامی اداروں نے بھی سراہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ بی بی شہید نے فرسٹ ویمن بینک اور خواتین پولیس اسٹیشنز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام جیسے انقلابی اقدامات کا آغاز کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے انقلابی اقدام نے خواتین کے لیے وقار، تحفظ اور مواقع کے نئے دروازے کھولے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے اس مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے بے زمین خواتین کسانوں کو زمینیں الاٹ کیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پی پی پی حکومت نے 2022 کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی خواتین کو گھروں کی ملکیت کے حقوق فراہم کیے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سندھ میں پی پی پی حکومت نے یونین کونسل سطح پر کمیونٹی پر مبنی غربت کے خاتمے کے پروگرام شروع کیے،اس پروگرما سے تقریباً دس لاکھ خواتین اور ان کے خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے جہاں ہر خاتون عزت، تحفظ اور مساوی مواقع کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں