آصف علی زرداری 18

خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ترقیاتی حکمت عملی کا محور بنا کر ہم مساوی اور جامع مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں، صدر

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ترقیاتی حکمت عملی کا محور بنا کر ہم ایک ایسا مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں جو مساوی اور جامع ہو۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہارآبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن جو اس سال نوجوانوں کی امیدوں کو حقیقت کا روپ دینا ،آج اور آنے والے کل کے لیے کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر اس عزم کی تجدید کرتا ہوں کہ ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر شہری کو باوقار زندگی، صحت کی سہولیات اور یکساں مواقع میسر ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک نوجوان اور باصلاحیت آبادی سے مالا مال ملک ہے، ہمارے پینسٹھ فیصد سے زائد شہریوں کی عمر تیس برس سے کم ہے جو قومی ترقی کے لیے ایک غیر معمولی موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، فنی مہارت اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ایک موثر آبادیاتی اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں جو معاشی ترقی، جدت اور سماجی خوشحالی کو نئی رفتار دے گا۔

صدر مملکت نے کہا کہ نوجوانوں پر کی جانے والی آج کی سرمایہ کاری درحقیقت پاکستان کے مستقبل کے لیے سرمایہ کاری ہے، ہمیں خواتین اور بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کی اہمیت کا بھی مکمل ادراک ہونا چاہیے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ زچہ و بچہ کی صحت، بچوں کی بقا، مناسب غذائیت، تعلیم اور بنیادی صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی، ترقی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک مائوں کو حمل اور زچگی کے دوران قابل تدارک خطرات کا سامنا ہو، بچے غذائی قلت کا شکار ہوں یا بچیوں کو تعلیم اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع سے محروم رکھا جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس وژن کی بھی یاد دلاتا ہے جنہوں نے خواتین کو حقوق، وقار اور اختیار دلانے کے لیے نمایاں جدوجہد کی، انہوں نے قومی ترقی میں خواتین کے اختیار، تعلیم اور تولیدی صحت کی اہمیت پر ہمیشہ زور دیا اور ان کا یہ وژن آج بھی ہماری قومی کوششوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آبادی اور ترقی ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں، تعلیم، صحت، صنفی مساوات، غربت میں کمی اور معاشی مواقع میں پیش رفت خاندانوں اور معاشروں کو مضبوط بناتی ہے اور ایک خوشحال اور مستحکم معاشرے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر خاتون کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی اور ہر بچے کو مناسب نگہداشت، غذائیت اور تعلیم فراہم کرنا نہ صرف ہماری اخلاقی ذمہ داری بلکہ ایک قومی تقاضا بھی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں تمام متعلقہ فریقوں جن میں حکومتی ادارے، پارلیمنٹ کے اراکین، جامعات، سول سوسائٹی کی تنظیمیں، ترقیاتی شراکت دار، مذہبی رہنما، ذرائع ابلاغ اور مقامی برادریاں شامل ہیں، سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عوام کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور نوجوانوں کو ترقیاتی حکمتِ عملی کا محور بنا کر ہم ایک ایسا مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں جو مساوی اور جامع ہو۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیے اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں ہر فرد اپنی امیدوں کو حقیقت کا روپ دے سکے، باہمی تعاون سے ہم اپنی آبادیاتی قوت کو انسانی ترقی اور دیرپا قومی خوشحالی میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں