پنجاب حکومت

خبردار: ماسک نہ پہننے والا دو ماہ کے لئے جیل جائیگا۔پنجاب حکومت نے آرڈر جاری کر دیا

شہباز اکمل جندران:-

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزادر کی منظوری کے بعد صوبائی حکومت نے آرڈر جاری کیا ہے کہ تاحکم ثانی صوبے کا ہر شہری گھر سے نکلتے ہوئے، دوران سفر۔عوامی مقامات یا کاروبار کے دوران یا سرکاری و غیر سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران ماسک پہنے گا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں بیان کیا گیا ہے کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 62 ہزار سے زائد جبکہ اموات 3 ہزار 3 سو سے زائد ہو چکی ہیں۔

دی پنجاب انفیکشیس ڈیسزز(پریوینشن اینڈ کنٹرول )آرڈیننس 2020 کے سیکشن 4 اور سیکشن 5 کے تحت جاری کردہ حکم نامے میں قرار دیا گیا ہے کہ ماسک نہ پہننے والے شہری کو کسی قسم سروسز فراہم نہیں کی جائینگی۔

صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کردہ حکم نامہ تا حکم ثانی نافذ العمل رہیگا۔جبکہ صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ دی پنجاب انفیکشیس ڈیسزز(پریوینشن اینڈ کنٹرول )آرڈیننس 2020 کے سیکشن 22 کے تحت احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

دوسری طرف قانون ہذا کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے لئے سیکشن 17 استعمال ہوتا ہے جس کے مطابق خلاف ورزی کرنے والے کو دوماہ تک قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔اور دوبارہ جرم کرنے کی صورت 6 ماہ قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔