کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آٹزم بحالی اور خصوصی تعلیم کے شعبے میں سندھ کی قیادت کا اعتراف ایک تاریخی پیش رفت ہے۔انہوں نے اپنے بیان اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں کہا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں آٹزم سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام کے لیے سندھ کے ادارے سی-آرٹس سے تعاون طلب کیا ہے، جو صوبے کے جامع اور کامیاب ماڈل پر اعتماد کا مظہر ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے ڈی ای پی ڈی ڈیپارٹمنٹ کو وفاقی حکومت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ خصوصی افراد کی بحالی، تعلیم اور معاونت کے شعبے میں مشترکہ اقدامات کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی نگہداشت، پیشہ ورانہ تربیت، اسسٹو ٹیکنالوجیز اور آٹزم سروسز کے شعبوں میں سندھ کے جامع ماڈل کو قومی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے، جو حکومت سندھ کی موثر پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت خصوصی افراد کو بااختیار بنانے، انہیں جدید سہولیات فراہم کرنے اور معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔









