لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی کامیابی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل اورسیاسی استحکام ناگزیر ہے ، سیاسی و مذہبی جماعتیں جس طرح بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے متحد ہوئی ہیں اگر اسی طرح سیاسی استحکام اور معیشت کی ترقی کیلئے بھی متحد ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ہمیں یہ عزم کرنا ہے کہ معاشی اہداف کے حصول کیلئے ہم سب متحد ہیں ۔ چین ہمارا قریبی دوست ہے ،چین کی مثالی ترقی انتھک محنت اورپالیسیوں کے تسلسل کی مرہنون منت ہے، اگر ہم چین سے سیکھیں اور چین کے ماڈل پر عمل پیرا ہوں تو پاکستان بھی دنیا میں اس کی طرح مقام حاصل کر سکتا ہے ۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ بد قسمتی سے یہاں پر پالیسیوں کا تسلسل نہیں ، رہی سہی کسر سیاسی عدم استحکام نکال دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کو بھنور سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے میں کامیاب ہو گئی ہے لیکن منزل تک پہنچنے کے لئے ہمیں بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔