لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہاہے کہ حکومت مہنگائی کی شرح میں کمی کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے جبکہ زمینی حقائق یہ ہیں کہ عوام کی قوت خرید ہی نہیں رہی.
حکومتی ریلیف صرف کاغذوں اور تقریروں تک محدود ہے ،تاجروں کے مطابق امسال عید الفطر پر70فیصد مصنوعات فروخت نہیں ہو سکیں ،بجلی کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچانے کے بعد اس میں 7روپے یونٹ کمی کر کے حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی۔اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور حکومت میں بجلی کے یونٹ میں15روپے کمی کی گئی تھی ، بتایا جائے اس یونٹ کو عوام کی دسترس سے کس نے باہر کیا ۔
بانی پی ٹی آئی کے دور میں پیٹرولیم کی قیمت 150روپے لیٹر تھی کس کی پالیسیوں سے یہ عوام کی پہنچ سے باہر ہوئی ۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مزید 7 فیصد کمی آئی ہے لیکن اس کا کوئی فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا۔انہوںنے کہاکہ حکمران ایک دوسرے کو مبارکبادوں کے ذریعے عوام کو بیوقوف نہیں بناسکتے بلکہ انہیں حقیقی ریلیف دیا جائے جس سے انہیں محروم رکھا جارہا ہے ۔