کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے سینئروزیر شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ ماضی میں گل پلازہ کی لیز غیر قانونی طریقے سے دی گئی تھی،وزیراعلی سندھ نے سانحہ گل پلازہ پرانکوائری کمیٹی بنائی ہے،جس کی رپورٹ آنا باقی ہے، پھر اس پر بھی بات کریں گے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حقائق دیکھیں تو فاروق ستار نے ماضی میں غیر قانونی اقدام کیا جو اس کی شروعات ہے،کراچی کو وفاق کو دینے کی باتیں ایم کیوایم کا محض شوشہ ہے یہ افسوسناک بات ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیوایم کے وفاقی منسٹرز ہیں یہ تھوڑی سی جرات دکھائیں، اگر وفاق کراچی کو نہ لے تو ایم کیو ایم والے کہہ دیں کہ ہم وزارتوں سے استعفیٰ دے دینگے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو کراچی کے لوگوں نے مسترد کردیا ہے ان کی کوئی سیاست نہیں رہی، بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم نے حصہ نہیں لیا کیونکہ شکست کے خوف سے ان کے ہاتھ پائوں کانپ رہے تھے۔
سانحہ گل پلازہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس واقعے میں 80 معصوم لوگوں کی جانیں گئی ہیں یہ بہت بڑا سانحہ ہے، ریسکیو آپریشن ابھی ختم نہ ہوا تھا ایم کیوایم کی طرف غیر سنجیدہ بیانات دیئے گئے۔شرجیل میمن نے کہا کہ اس وقت لوگ اندر سے اپنے پیاروں کو مدد کیلئے فون کررہے تھے جبکہ ایم کیوایم گھٹیا سیاست کررہی تھی۔متحدہ رہنمائوں کی سیکیورٹی سے متعلق انہوں نے کہاکہ وفاقی وزراء اور اپوزیشن لیڈر کو سیکیورٹی سندھ حکومت نے دی ہوئی ہے، اسلام آباد میں یہ لوگ ایک ایک سپاہی کے ساتھ گھومتے ہیں جبکہ کراچی میں ایم کیوایم رہنمائوں نے 10،10 پولیس اہلکار مانگے ہوئے ہیں، ایم کیوایم قیادت میں سے کسی سے بھی سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ مذہبی رہنما، کچھ لوگوں اور علاقوں کو سیکیورٹی رپورٹس کی بنیاد دی جاتی ہے، مصطفی کمال تو اسلام آباد میں تھے تو انہیں کیسے پتہ کہ ان کی سیکیورٹی واپس ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مشرف دور سے ایم کیوایم نان اسٹاپ اقتدار میں رہی ہے، کچھ لوگوں کو قانون کے مطابق سیکیورٹی دی ہوئی ہے باقی غیرقانونی ہیں، ایم کیوایم ہر چیز میں سیاست کررہی ہے،
ایم کیوایم کا کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا بیان غیرسنجیدگی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خالد مقبول اور مصطفی کمال کو جو سیکیورٹی یہاں چاہیے وہ اسلام آباد میں کیوں نہیں چاہیے، سیکیورٹی خالد مقبول اور مصطفی کمال کی ڈیمانڈ ہے ہم کیا کہہ سکتے ہیں، آج کل تو سنا ہے خالد مقبول اور مصطفی کمال دونوں کو ایک دوسرے سے تھریٹ ہیں۔








