ذوالفقار علی شاہ 49

حافظ نعیم کا بیان مایوسی اور حقائق سے چشم پوشی پر مبنی ہے ،ذوالفقار شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی حالیہ پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان مایوسی، سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور حقائق سے چشم پوشی پر مبنی ہے۔

اپنے ایک بیان میں سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوامی فیصلے کے بعد جماعت اسلامی آج تک اس کے سیاسی اثرات سے باہر نہیں نکل سکی، جس کے باعث اس کی قیادت مسلسل بے بنیاد الزامات اور تنقید کے ذریعے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن ہر پریس کانفرنس میں وہی پرانے الزامات دہراتے ہیں، گویا کوئی واشنگ مشین ایک ہی عمل کو بار بار دہرا رہی ہو۔صوبائی وزیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر الزام تراشی اور تنقید برائے تنقید کا کوئی میڈل دیا جاتا تو وہ یقینا حافظ نعیم الرحمن کے حصے میں آتا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کراچی کے عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی کردار ادا کرنے کے بجائے صرف سیاسی بیانات کے ذریعے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہے۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی سمیت پورے سندھ کی ترقی، خوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور حکومت پرعزم ہے کہ جلد اس بحران پر قابو پالیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت واٹر بورڈ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر چکی ہے، جن کے مثبت نتائج مستقبل قریب میں سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں، نکاسی آب اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔صفائی ستھرائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ شہر کی صفائی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی کے موقع پر آلائشوں کی بروقت تلفی اور صفائی کے لیے جامع اور مثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی جیسے بڑے موقع پر انتظامات کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف تنقید کرنا افسوسناک عمل ہے۔ حکومت کی کارکردگی کو حقائق کی روشنی میں جانچا جانا چاہیے نہ کہ سیاسی مخالفت کی بنیاد پر۔

صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے دیرینہ مسائل کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ڈیلیوری پر مکمل یقین رکھتی ہے۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کریں اور بے بنیاد تنقید کے بجائے تعمیری تجاویز پیش کریں تاکہ کراچی اور سندھ کی ترقی کے سفر کو مزید تیز کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں