کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرپیٹرولیم وقدرتی وسائل علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہمیشہ اپنے ممبران کو بھرپور نمائندگی کی ہے، حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے مسائل سے بخوبی واقف ہے،جنگی صورتحال سب کے سامنے ہے اور حکومت ان حالات سے نمٹنے کی بھرپور کوشش کررہی ہے،ہم نے ایسوسی ایشن کی مدد سے عوام کو سہولیات بہم پہنچانے کی جدوجہد کی ہے اور ہم حالات بہتر ہوتے ہی پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن سمیت دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں چیئرمین عبدالسمیع خان کی قیادت میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہی ۔وفد میں پی پی ڈی اے کے سینئررہنما ملک خدا بخش،راجہ وسیم،بابر چوہدری،اشرف میہر،چوہدری فیصل عارف،چوہدری ظفر الٰہی اور دیگر ممبران بھی شامل تھے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن کے حوالے سے آئل مارکیٹنگ کمپنیز بخوبی آگاہ ہے،کمیشن کی فائل پر وزارت پیٹرولیم اور چیئرمین ایف بی آر نے دستخط کردیئے ہیں تاہم اس وقت بہت مشکل صورتحال ہے اور پوری قوم ان حالات کا سامنا کررہی ہے،وزیراعظم اورکابینہ سے لے کر تمام متعلقہ اداروں کو پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن کے مطالبات کا علم ہے اور ہر سال کمیشن بڑھنے کا فارمولا طے ہے لیکن مسئلہ یہی ہے کہ موجودہ حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ڈیلرز حکومت کا ساتھ دیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ حالات کو محسوس رکھ کر ایسوسی ایشن نے اپنی ہڑتال کی کال واپس لی اور میں نے الیکٹرانک میڈیا پر ایسوسی ایشن کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔پی پی ڈی اے کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا کہ جنگی حالات کے سبب ہی ہم نے ہڑتال کی کال واپس لی کیونکہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ حکومت یا عوام کے مسائل میں اضافہ ہو لیکن قیمتیں اتنی بڑھ چکی ہیں کہ پرانے کمیشن پر ہم کاروبار نہیں کرسکتے۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن انتہائی کم ہے اور ان حالات میں کاروبار کرنا مشکل ہوچکا ہے جبکہ کئی پیٹرول پمپ بند ہونے کے قریب ہیں،مارجن کے حوالے سے جوفارمولہ حکومت نے طے کیا تھا اس پر عمل کیا جائے، تقریبا دو سال کے عرصے کا جو 1.34روپے کمیشن بڑھایا گیا تھا اسے وزیراعظم نے آٹو گیج سسٹم سے لنک کردیا ہے،حکومت اسے آٹوگیج سے لنک نہ کرے بلکہ فوری طور سے ادا کرے۔
ملک خدا بخش نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جیسے ہی جنگی حالات ٹھیک ہو جائیں تو ہماری سرمایہ کاری کے مطابق کم از کم 8 فیصدپر ہمارا مارجن فکسڈ کیا جائے۔ملک خدا بخش نے وفاقی وزیر سے کہا کہ پی پی ڈی اے کے ایک ممبر ظفر الٰہی نے جو پریزنٹیشن بنائی ہے اس پروزارت پیٹرولیم عملدرآمد کرے اور پی پی ڈے اے کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کی کاروائی کو منٹس کیا جائے۔بعد ازاں پی پی ڈی اے کے ممبر ظفر الٰہی نے تیار کی گئی اپنی رپورٹ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو پیش کی۔









