جنرل ہسپتال

جنرل ہسپتال: ڈاکٹرز نے بغیر آپریشن ڈیڑھ سالہ بچی کے معدے سے ہئیر کلپ نکال لیا

لاہور24ستمبر(رپورٹنگ آن لائن)جنرل ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بغیر آپریشن ڈیڑھ سالہ بچی کی کامیاب اینڈو سکوپی کرتے ہوئے معدے سے ہئیر کلپ نکال لیا، ڈاکٹر حسن سلمان ملک کی سربراہی میں اینڈو سکوپی کا یہ پروسیجر ڈاکٹرز کی ٹیم نے مکمل کیا جس سے چونگی امر سدھو کی رہائشی ننھی بچی مومنہ فیصل کی جان بچا لی گئی جبکہ یہ اقدام والدین کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے ڈاکٹرز اور نرسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں بالخصوص لاہور جنرل ہسپتال جیسے تاریخی اور سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے کے معالج کسی سے کم نہیں،یہاں مریضوں کی بڑی تعداد کے باوجود معیار اور رفتار کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اینڈو سکوپی علاج معالجے کے شعبے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے جسے ڈاکٹر حسن سلمان ملک کی قیادت میں ڈاکٹرز کی ٹیم احسن انداز میں چلا رہی ہے اور بالخصوص اس بچی کے معدے سے ہئیر کلپ نکالنے جیسے پیچیدہ عمل کو کامیابی سے مکمل کرنا تاریخی اقدام ہے جس پر سارے ڈاکٹرز اور میڈیکل عملہ مبارکباد کا مستحق ہے۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریادحسین نے بھی اس اہم کامیابی کو سراہتے ہوئے کہ والدین سے اپیل کی کہ وہ کم عمر بچوں کو کھیلنے کے لئے چھوٹی، تیز دھار اور خطر ناک اشیاء دینے سے اجتناب برتیں اور بالخصوص دو سے چار سال کے بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں چونکہ اس عمر کے بچے کسی بھی چیز کو دیکھے بغیر منہ میں ڈال سکتے ہیں جس سے اس طرح کی خطرناک صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

اس بچی کی کامیاب اینڈو سکوپی کرنے والے ڈاکٹر حسن سلمان ملک نے اس امر پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہوئے اسے ادارے کا اعزاز قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی وہ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر اور ایم ایس ڈاکٹر فریادحسین کی قیادت میں اسی لگن اور جوش و ولولے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈیڑھ سالہ بچی مومنہ فیصل کے والدین نے بھی ڈاکٹرز کی ٹیم اور لاہور جنرل ہسپتال کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اُن کو ڈھیروں دعائیں دیں۔