لاہور3ستمبر(زاہد انجم سے) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ڈینگی میڈیکل کے ساتھ ساتھ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے، طب سے وابستہ افراد، سول سوسائٹی اور میڈیا معاشرے میں “حفظان صحت کے رہنما اصولوں اور صفائی نصف ایمان ہے” سے متعلق شعور و آگاہی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ عوام ان پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں بلکہ علاج معالجے پر اٹھنے والے اخرجات کو بھی کم کیا جا سکے۔
وہ لاہور جنرل ہسپتال میں “ڈینگی سے بچاؤ سب کی مشترکہ ذمہ داری” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ زمرد خورشید نے کیا۔ اس موقع پر صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر حسیب تھند، ہیلتھ پروفیشنلز نرسنگ آفیسرز و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،زمرد خورشید اور نرسنگ آفیسر صائرہ اسلم نے ڈینگی وائرس کی علامات، احتیاطی تدابیر اور جدید طریقہ علاج بارے شرکاء کو تفصیلاً آگاہ کیا۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کو ڈینگی سے پاک اور دیگر وبائی امراض کا جڑ سے خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد حصہ ہیں اور گھریلو ذمہ داریوں کی ادائیگی اور صفائی رکھنے میں یہی خواتین بنیادی کردار ادا کرتی ہیں لہذا صحت و تعلیم کے شعبے سے وابستہ خواتین اپنی اپنی کمیونٹی میں ڈینگی وائرس و دیگر امراض کی روک تھام اور حفظان صحت کے حوالے سے خواتین میں آگاہی پھیلائیں تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ مقررین نے سیمینار میں ڈینگی وبا کی علامات اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بخارکے ساتھ سردرد، پٹھوں، ہڈیوں یا جوڑوں میں تکلیف، متلی، قے، آنکھوں کے اندر تکلیف، غدود کی سوجن اور خارش اہم علامات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صاف پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مچھر دانیوں کا استعمال اور سپرے یقینی بنائیں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھ کر ڈینگی مچھروں کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈینگی مچھروں کی افزائش زیادہ تر گھروں کی چھتوں، دیگر مقامات پر جمع شدہ صاف پانی میں ہوتی ہے لہذا ان بریڈنگ سپاٹس کو ختم کرنا مکینوں اور شہریوں کی اہم ذمہ داری ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افرا د کو بہترین طبی سہولیات مفت بہم پہنچائی جا رہی ہیں، تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اور ڈینگی وبا کے دوران جنرل ہسپتال کے ہیلتھ پروفیشنلز بالخصوص نرسز نے جس جاں فشانی، محنت، لگن کے ساتھ فرائض سر انجام دیے وہ مبارکباد کی مستحق ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے اس موقع پر 13سال قبل ڈینگی وبا کے دوران دکھی انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے جنرل ہسپتال میں اپنی جان فرض کی ادائیگی میں قربان کرنے والی نابینا باپ کریم بخش کی بیٹی سیکنڈ ائیر کی طلبا اسماء کنول کو خراج عقیدت پیش کیا جو مریضوں کی جان بچاتے ہوئے خود بھی ڈینگی مرض میں مبتلاہو کر خالق حقیقی سے جا ملی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسماء کنول نے اپنے شعبے کی سربلندی کے لئے ایک درخشاں مثال قائم کی جو تمام نرسز کے لئے مشعل راہ ہے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ شہید اسماء کنول کی طرف سے جان کا نذرانہ پیش کر کے جلائی گئی خدمت انسانی کی شمع سے پوری دنیا روشن دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسماء کنول نے 27ستمبر 2011کو جام شہادت نوش کیا تھا،ماضی کی طرح امسال بھی اس دن کی مناسبت سے اسماء کنول کی یاد میں شمع روشن کی جائیں گی اور باقاعدہ قرآن خوانی ہو گی۔