لاہور16جولائی(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا کہ نرسوں کی جدید خطوط پر تربیت سے شعبہ نرسنگ میں ہونے والی ترقی، کلینکل مینجمنٹ اور بیماریوں کی روک تھام کے بارے نالج کو اپ ڈیٹ کرنے کا موقع ملے گا، جس سے نرسز کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔ نرسنگ سٹاف کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیلئے لاہور جنرل ہسپتال میں تربیتی کورسز باقاعدگی کروائے جا رہے ہیں۔ تربیتی کورس کو ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ زمرد خورشید سپروائز کررہی ہیں۔
اس بارے میں زمرد خورشید نے کہا کہ مذکورہ کورس سے نہ صرف مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کی راہ ہموار ہو گی بلکہ کورس میں شریک نرسز کو مریضوں کی بہتر دیکھ بھال، وارڈ مینجمنٹ، ریکارڈ کی تکمیل، ڈسپلن اور ہیلتھ کئیر کمیشن کے ایس او پیز سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو نکھارنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک نرس کو دانشمند، حاضر دماغ ہونا چاہئے۔اس فیلڈ میں بہت سی رکاوٹیں آتی ہیں، لیکن انہیں عبور کر کے آگے، بس آگے ہی بڑھتے چلے جانا چاہئے۔ زمرد خورشید کا کہناتھا کہ ایسے تربیتی کورسز شعبہ طب سے وابستہ افراد کو عصرحاضر کے طبی تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور طبی اداروں میں زیر علاج مریضوں کے علاج معالجہ میں بے حد مدد ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نرسیں ہمارے ہیلتھ کئیر سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اعلیٰ تربیت یافتہ نرسز کے بغیر مریضوں کے کامیاب علاج معالجے کا تصور بھی محال ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسز کیلئے جدید تربیتی سہولیات کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔