محمد جاوید قصوری 35

جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم 25اپریل سے 15مئی تک جاری رہے گی’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ 25 اپریل سے پنجاب سمیت ملک بھر میں ممبر سازی مہم شروع کریں گئے جوکہ 15 مئی تک جاری رہے گی،

اس ممبر سازی مہم کے ذریعے نئے افراد کو جماعت اسلامی کا حصہ بنایا جائے گا، موجودہ حالات میں عوام شدید مایوسی کا شکار ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور معاشی بدحالی نے عام آدمی کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، ایسے حالات میں جماعت اسلامی ایک امید کی کرن کے طور پر سامنے آئی ہے،حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں کارکنان کو چاہیے کہ وہ گلی محلوں، بازاروں اور ہر گھر کی دہلیز تک جماعت کا پیغام پہنچائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر سازی مہم کے سلسلے میں منصورہ میں ہونے والے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ممبر سازی مہم کے دوران بڑے شہروں میں خصوصی پروگرامات منعقد کیے جائیں گے جن میں نوجوانوں کو خاص طور پر ٹارگٹ کیا جائے گا۔ ماضی میں نوجوانوں کو مختلف نعروں اور تبدیلی کے نام پر گمراہ کیا گیا، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان حقیقت کو پہچانیں اور ایک ایسی قیادت کا ساتھ دیں جو دیانتدار اور مخلص ہو۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا مراعات یافتہ طبقہ آج بھی عیاشیوں میں مصروف ہے جبکہ عام عوام مہنگائی، بیروزگاری اور گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا عذاب برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ اس ناانصافی کے نظام کو بدلنے کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔ جاگیردارانہ نظام، خاندانی سیاست، ظالمانہ طرز حکمرانی اور سودی معیشت نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ ان مسائل سے نجات کے لیے ضروری ہے کہ عوام متحد ہوں اور جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر جدوجہد کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر شخص کے لئے کھلے ہیں۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ کارکنان مہم کے دوران بھرپور انداز میں متحرک رہیں، لوگوں سے رابطے بڑھائیں اور جماعت اسلامی کے منشور کو مؤثر انداز میں پیش کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس تحریک کا حصہ بن سکیں اور ملک میں حقیقی تبدیلی کی راہ ہموار ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں