محمد جاوید قصوری 13

جماعت اسلامی عوام کو مایوسی سے نکال کر امید اور حقیقی تبدیلی کی طرف لے جانا چاہتی ہے،جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی، سیاسی اور سماجی بحرانوں سے دوچار ہے، مہنگائی، بے روزگاری، بدترین معاشی عدم استحکام، بجلی اور گیس کے ہوشربا بلوں، کسانوں کی مشکلات اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے محدود مواقع نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی مسائل کو بنیادی اہمیت حاصل نہیں، جس کے باعث لوگوں میں مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے، جماعت اسلامی عوام کو درپیش مسائل پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، ہم نے ہر دور میں عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی، عدل و انصاف اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد محض سیاسی اقتدار کے حصول کی کوشش نہیں بلکہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کی تحریک ہے جہاں عام شہری کو عزت، انصاف، روزگار، معیاری تعلیم اور علاج کی سہولیات میسر ہوں۔ جماعت اسلامی نے مہنگی بجلی، پیٹرولیم لیوی، ناجائز ٹیکسوں، کسانوں کے استحصال، آئی پی پیز کے معاہدوں اور عوام پر مسلط معاشی بوجھ کے خلاف ملک گیر سطح پر آواز بلند کی ہے۔ پرامن احتجاج، عوامی رابطہ مہم اور مذاکرات کے ذریعے حکمرانوں کو عوامی مسائل کی طرف متوجہ کرنا جماعت اسلامی کی مسلسل جدوجہد کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 6 دسمبر کو مینار پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والا آل پنجاب اجتماع عام ملکی سیاست میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ اجتماع محض ایک سیاسی اجتماع نہیں بلکہ پنجاب کے عوام کی محرومیوں، مسائل اور تبدیلی کی خواہش کا بھرپور اظہار ہوگا۔ اس کے ذریعے عوام کو ایک متبادل سیاسی اور فکری راستہ دینے، نوجوانوں کو قومی معاملات میں اپنا کردار ادا کرنے اور عوامی حقوق کی جدوجہد کو مزید منظم کرنے کا موقع ملے گا۔

جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ ملک کی سیاست خاندانوں، مفادات اور اقتدار کی کشمکش سے نکل کر عوامی خدمت اور قومی مفاد کے تابع ہو۔تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی اصل طاقت اس کے مخلص، باکردار، منظم اور نظریاتی کارکن ہیں۔ کارکن کی تربیت محض تنظیمی ضرورت نہیں بلکہ ایک بڑی دینی، اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی اپنے کارکنوں میں قرآن و سنت سے وابستگی، امانت و دیانت، نظم و ضبط، برداشت، خدمت خلق اور عملی جدوجہد کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ کارکنوں کو چاہیے کہ وہ اپنے کردار، اخلاق اور عوامی خدمت کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی کی مثال بنیں۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کو ایسی قیادت اور ایسے کارکنوں کی ضرورت ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مسائل کے حل کے لیے میدان عمل میں موجود ہوں۔ 6 دسمبر کا اجتماع عام اسی جدوجہد کو نئی قوت اور سمت دینے کا ذریعہ بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں