حیدرآباد (رپورٹنگ آن لائن) حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام ارکان کی سہ روزہ تربیت گاہ کا آغاز سولنگی گوٹھ حیدرآباد میں ہوگیا۔ تربیت گاہ کے پہلے روز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی محض سیاسی، مسلکی یا سماجی تنظیم نہیں بلکہ اقامتِ دین کی تحریک ہے، جس کا مقصد اللہ کے دین کو زندگی کے تمام شعبوں میں نافذ کرنے کے لیے معاشرے کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت کرنا ہے۔ ہر رکن سالانہ کم از کم دو نئے افراد کو جماعتی اجتماعیت سے جوڑنے کی کوشش کرے اور دعوت و کارکن سازی پر خصوصی توجہ دے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد دین کو محض چند عبادات یا انفرادی زندگی تک محدود رکھنا نہیں بلکہ اسے ایک مکمل نظامِ زندگی کے طور پر پیش کرنا ہے۔ ارکان اپنی نظریاتی شناخت اور دعوتی ذمہ داریوں کا شعور رکھتے ہوئے معاشرے میں دین کی دعوت کو وسعت دیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، اس لیے جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی اسلامی شناخت اور اقامتِ دین کے مقصد کے لیے مسلسل جدوجہد کرے۔خواتین ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے خاندان، محلے اور حلقہ احباب میں دعوتی کام کو آگے بڑھائیں۔ اگر گھر کے مرد خواتین کو جماعتی اجتماعیت سے نہیں جوڑتے تو خواتین خود بھی دوسری خواتین سے رابطہ کرکے انہیں دین کے کام میں شریک کرسکتی ہیں۔
جماعت اسلامی کی اصل قوت صرف تنظیمی ڈھانچے یا سیاسی سرگرمیوں میں نہیں بلکہ اس کے نظریے، تربیت یافتہ افراد اور معاشرے میں دعوتی اثرات میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی قومیت، زبان یا مسلک کی نمائندہ نہیں بلکہ دین کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنے والی تحریک ہے۔ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی فقہی شناخت برقرار رکھتے ہوئے جماعت اسلامی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ فقہی اختلافات کو امت کی تقسیم کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔ دعوت کا طریقہ یہ ہے کہ لوگوں کو ابتدا ہی میں رد کرنے کے بجائے محبت، حکمت اور تربیت کے ذریعے دین کے جامع تصور سے روشناس کرایا جائے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے درسِ قرآن کو کارکن سازی کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ درس محض ایک سرگرمی یا معمول نہ بنے بلکہ اس کے ذریعے لوگوں کی فکر، کردار اور عملی زندگی میں تبدیلی پیدا کی جائے۔ ارکان قرآن مجید کی تلاوت، ترجمے اور تفہیم کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں اور قرآن نہ پڑھنے والی خواتین کو قرآن پڑھانے کے ساتھ دین کا جامع تصور بھی عام کریں۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے دعوتی کام میں سوشل میڈیا کے متوازن استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دعوت کو صرف سوشل میڈیا پوسٹس تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ ذاتی رابطے اور براہِ راست تعلق کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔ نئی نسل کی تربیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آج کے بچے اور نوجوان موبائل، انٹرنیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے ماحول میں پرورش پا رہے ہیں۔ ان کی تربیت کے لیے صرف پابندیاں کافی نہیں بلکہ ان کی ذہنی سطح کو سمجھنا، صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔ نوجوانوں کو محبت، حکمت اور حوصلہ افزائی کے ذریعے جماعتی اجتماعیت سے جوڑا جائے۔امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی کی تنظیم مقصد نہیں بلکہ اقامتِ دین کے حصول کا ذریعہ ہے۔ تنظیمی ڈھانچے، اجتماعات اور سرگرمیوں کی افادیت اسی وقت ہے جب وہ دین کے قیام اور معاشرے میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں۔
ارکان اور ذمہ داران کو اپنی دعوتی، تنظیمی اور انتخابی حکمتِ عملی کا حقیقت پسندانہ جائزہ لینا چاہیے۔انہوں نے 1970 اور 2024 کے انتخابی نتائج کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود جماعت اسلامی نے سندھ کے مختلف علاقوں میں نمایاں انتخابی قوت کا مظاہرہ کیا، جبکہ آج زیادہ وسائل اور وسیع تنظیمی ڈھانچے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے۔ اس لیے انتخابی کمزوریوں کا تمام تر سبب جاگیرداری، وڈیرا شاہی اور وسائل کی کمی کو قرار دینے کے بجائے اپنی حکمتِ عملی، دعوتی سرگرمیوں اور عوامی رابطے کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی اصل قوت نظریاتی وابستگی، کارکنان کی محنت، خواتین کی جدوجہد اور مؤثر اجتماعیت ہے۔ بنو قابل اور دیگر فلاحی سرگرمیوں کو بھی اقامتِ دین کے وسیع مقصد، دعوت اور عوامی رابطے کے ساتھ مربوط کرنا ہوگا۔اس موقع پر ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے سورة طٰہٰ کی آیات کی روشنی میں دعوتِ دین کی ذمہ داریوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کا حقیقی شعور انسان کی فکر، کردار اور عملی زندگی میں تبدیلی پیدا کرتا ہے۔
اللہ تعالیٰ اپنے دین کے کام کے لیے جن بندوں کو منتخب فرماتا ہے، یہ ان کے لیے بڑا اعزاز اور ذمہ داری ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی دعاؤں سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ دین کی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے شرحِ صدر، کام میں آسانی، زبان کی روانی اور مددگار ساتھیوں کی ضرورت ہے۔ اہلِ ایمان کو اللہ تعالیٰ پر کامل اعتماد رکھتے ہوئے اس سے مسلسل مدد طلب کرنی چاہیے۔انہوں نے سورة نحل کی آیت 36 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر امت میں رسول اس لیے بھیجے گئے کہ لوگوں کو اللہ کی بندگی کی دعوت دیں اور طاغوت سے بچنے کی تعلیم دیں۔
آج بھی دین کے کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود اللہ کی اطاعت اختیار کریں اور معاشرے کو غیر اللہ کی بندگی سے نجات دلانے کی جدوجہد کریں۔ دنیاوی مصلحتوں، خاندانی دباؤ اور معاشرتی رسم و رواج کو اللہ کی رضا اور دین کی ذمہ داریوں پر ترجیح نہیں دینی چاہیے۔ اجتماعیت سے وابستگی، باہمی تعاون، فکری و عملی تربیت اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق کے ذریعے ہی دعوتِ دین کی ذمہ داری مؤثر انداز میں ادا کی جاسکتی ہے۔تربیت گاہ کا آغاز نگرانِ تربیت گاہ شگفتہ ابراہیم کی جانب سے شرکائے تربیت گاہ کو ضروری ہدایات دینے سے ہوا۔









