اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس کا ٹرائل دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرنے کے حوالے سے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔عدالت کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے جج پر جانبداری اور بدتمیزی کے الزامات بے بنیاد قرار دے کر درخواست خارج کی گئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ بار بار التوا مانگنا انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے، کیس کا ٹرائل ایڈیشنل سیشن جج ویسٹ کی عدالت میں ہی جاری رہے گا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق سرکاری خرچ پر وکیل کی فراہمی ملزم کا آئینی حق ہے تاکہ ٹرائل مکمل ہو سکے، ملزم کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے خلاف استعمال کی گئی زبان غیرمناسب ہے۔مزید کہا گیا کہ ملزم کی جانب سے جج کے خلاف استعمال کی گئی سخت زبان عدلیہ کے وقار کے خلاف ہے۔ یاد رہے کہ ملزم عمر حیات کی جانب سے ٹرائل دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی استدعا کی تھی، ملزم کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج پر جانبدار ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔









