مراد علی شاہ 17

تھرپارکر میں اونٹنی پر بہیمانہ تشدد: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا سخت نوٹس، ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا حکم

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ نے ضلع میں ایک 13 سالہ اونٹنی پر ہونے والے بہیمانہ تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے زخمی جانور کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلی سندھ کو سیکریٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شدید تشدد کا شکار اونٹنی کی حالت علاج کے بعد اب مستحکم ہو چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اونٹنی اب کھڑے ہونے، چلنے، کھانے اور پانی پینے کے قابل ہو گئی ہے، تاہم اس کی مکمل صحت یابی کے لیے مسلسل طبی نگرانی جاری ہے۔وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ اونٹنی کی مکمل بحالی تک اس کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جائے اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں پر ظلم و تشدد کسی بھی مہذب معاشرے میں برداشت نہیں کیا جا سکتا اور بے زبان جانور پر ڈھایا گیا یہ ظلم انتہائی افسوسناک، غیر انسانی اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ تشدد کے نتیجے میں اونٹنی کی دائیں آنکھ مکمل طور پر ضائع ہو چکی ہے جبکہ بائیں آنکھ شدید سوجن اور سوزش کا شکار ہے۔ وزیراعلی سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بائیں آنکھ کو بچانے اور بحال کرنے کے لیے ماہر ویٹرنری سرجن سے فوری آپریشن کروایا جائے تاکہ جانور کی بینائی کو محفوظ بنایا جا سکے۔

محکمہ لائیو اسٹاک کی رپورٹ کے مطابق اونٹنی کے جسم پر متعدد گہرے زخم اور تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔ متاثرہ جانور کو اینٹی بائیوٹکس، درد کم کرنے والی ادویات، غذائی معاونت اور دیگر ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر طبی معائنے کے ذریعے اس کی صحت کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر حلیم جاگیرانی نے علاج کے عمل کا جائزہ لیا اور متاثرہ اونٹنی کے مالکان سے ملاقات کرکے انہیں حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

دوسری جانب محکمہ لائیو اسٹاک نے ویٹرنری ماہرین کی خصوصی ٹیم متاثرہ گاں میں تعینات کر دی ہے تاکہ علاج اور بحالی کے تمام مراحل کی موثر نگرانی کی جا سکے۔قانونی کارروائی کے حوالے سے وزیراعلی سندھ کو ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے اور کسی کو رعایت نہ دی جائے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت جانوروں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ اونٹنی کے علاج و بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ تھرپارکر کا یہ افسوسناک واقعہ جانوروں کے تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ سندھ حکومت بے زبان جانوروں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مثر اقدامات جاری رکھے گی تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں