لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ مہنگائی ایک بنیادی مسئلہ ہے تحریک انصاف اس پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے،جن ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف تھی اس کا ٹرن آوٹ دیکھیں اور جس میں نہیں تھی اس میں کم ٹرن آوٹ ہی عوام کا فیصلہ ہے، تحریک انصاف نے احساس پروگرام شروع کیا ہے جس سے مہنگائی کے خلاف اقدامات میں مدد ملے گی،
پی ڈی ایم لانگ مارچ کے ذریعے عوام کو اپنی کرپشن بچانے کے لیے استعمال کرنا چاہتی ہے عوام کسی کی کرپشن بچانے باہر نہیں آتے۔ وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہ ہماری اکانومی کو مسلم لیگ ن کی حکومت بوسیدہ عمارت کی شکل میں چھوڑ کر گئی تھی، ان کے جاتے ہی زرمبادلہ کے ریٹ بڑھ گئے اور ڈالر کی قیمت بڑھنا شروع ہو گئی۔
پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے علاوہ کوئی بڑا ڈونر پاکستان کی مدد نہیں کر سکتا تھا، آئی ایم ایف کی شرائط تھیں جتنی غلطیاں ماضی میں ہوئیں ان کو آپ ٹھیک کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ کوئی ایسا معاہدہ نہیں ہوا جو سب کے سامنے نہ ہو، پاکستان میں ہر جماعت کو جمہوری حق استعمال کرنے کا حق ہے۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ اگر لانگ مارچ میں غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال نہ کیے گئے تو ہم ہر طرح کی مدد کریں گے، پی ڈی ایم بھان متی کے کنبے میں کوئی دم ہے تو آج سے لانگ مارچ شروع کریں۔ انکا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں سب سے بڑا سوراخ آصف زرداری نے کیا اور اب یہ کشتی چھوٹے چھوٹے سوراخوں سے ڈوب رہی ہے، اور اب ایک دوسرے کو مورد الزام ٹہرا رہے ہیں کہ تمہارے سوراخ کی وجہ سے ڈوب رہی ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں لوگوں نے باہر نہ نکل کر اپنا فیصلہ سنا دیا کہ وہ انہیں ریجیکٹ کر چکے ہیں، کل کی تقریب انہوں نے اپنی شرمندگی چھپانے کے لیے کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کی تاریخ اب تین مہینے ڈالی گئی یہ بنیادی طور پر فرار ہو رہے ہیں، پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کی تاریخ سہی نہیں ہے یہ قومی سالمیت کا دن ہے، اس موسم میں پی ڈی ایم کا نعرہ مہنگائی ہے یہ ہر مرتبہ نیا نعرہ لیکر نکلتے ہیں۔









