مراد علی شاہ 16

تاریخی دفاعی تعاون خطے میں امن، سلامتی اور باہمی تعاون کے نئے عہد کی علامت ہے، مراد علی شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے سندھ وزیراعلیٰ ہاؤس کو تینوں برادر ممالک کے قومی پرچموں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا.

وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر سی ایم ہاؤس کی عمارت پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچموں کی خوبصورت لائٹنگ کی گئی، جس کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس رات کے وقت تینوں برادر ممالک کے پرچموں کے رنگوں سے جگمگا اٹھا۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے مکہ مکرمہ میں ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن، سلامتی، باہمی اعتماد اور تعاون کے نئے عہد کی علامت قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات پوری مسلم دنیا کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ تعاون خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں ہونے والا تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے کے امن و سلامتی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ یہ معاہدہ باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ سلامتی کے عزم کا مظہر ہے، جس سے برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ہر مشکل وقت میں تعاون اور یکجہتی کی شاندار مثالیں موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ بھی پاکستان کے تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں ہمیشہ شریک رہے ہیں اور یہ دیرینہ دوستی دونوں ملکوں کی مشترکہ طاقت ہے۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ برادر ممالک ہیں اور ان کے درمیان دفاع، معیشت، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کا باہمی اتحاد اور تعاون خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوسکتا ہے۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ مل کر خطے کے امن و استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ مسلم دنیا کے برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ سلامتی کے عزم کی ایک مضبوط مثال ہے۔ ایسے اقدامات نہ صرف برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرتے ہیں بلکہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی مثبت پیغام دیتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنے برادر ممالک سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دوستی، تعاون اور باہمی اعتماد کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں