تائےپی (رپورٹنگ آن لائن)سمندری طوفان گیمی فلپائن کے بعد 240کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار کی ہواﺅں سے تائیوان کے شمال مشرقی ساحل سے ٹکراگیا، طوفان نے تائیوان میں تباہی مچادی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے ٹکرانے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بارشوں اور تیز ہواﺅں سے مختلف حادثات میں اب تک 3افراد ہلاک اور 266سے زائد زخمی ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں 2لاکھ 90ہزار سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ طوفان سے قبل ساحلی علاقوں سے 8ہزار سے زائد افراد کا انخلا کرالیا گیا، متاثرہ علاقوں میں ٹرینیں اور فیری سروس معطل ہے جبکہ سیکڑوں پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں،حکام کے مطابق تائیوان کے سمندر میں تنزانیہ کے پرچم والا کارگو جہاز ڈوب گیا، جہاز ڈوبنے سے عملے کے 9افراد لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے،عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تائیوان کی نیشنل فائر ایجنسی کے سربراہ شا ہوانگ چھا نے ایک بریفنگ میں بتایا کہ طوفان گیمی کے باعث ریسکیو اہلکار ملاحوں تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ،ان کا کہنا تھا کہ ملاح سمندر میں گرے اور وہیں تیر رہے تھے، امدادی کارکنوں نے ان کی مدد کے لیے قریبی تائیوان کے کارگو جہاز سے رابطہ کیا۔
ایجنسی کے ایک اور اہلکار نے بریفنگ کے بعد بتایا کہ ملاح لاپتا ہیں اور جب موسم اجازت دے گا، ہم فوری طور پر بحری جہاز یا ہیلی کاپٹر کو ریسکیو کے لیے روانہ کریں گے لیکن فی الحال یہ ممکن نہیں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بحری جہاز کے ڈوبنے کی خبر بدھ کی رات تائیوان میں 190کلومیٹر (118میل)فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواﺅں کے ساتھ ٹائفون گیمی کی شدت کے عروج پر پہنچنے کے بعد سامنے آئی ہے،سمندری طوفان گیمی کو 8برس میں تائیوان کا سب سے طاقتور طوفان کہا جا رہا ہے، طوفان گیمی کے اب چین کے صوبے زنجیانگ اور فوجیان سے ٹکرانے کا امکان ہے۔