شہباز شریف 17

بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں ، وزیرِ اعظم

نیویارک (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں،پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں، پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی،جس میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور سماجی انٹرپر ینوئر ز کے ساتھ ساتھ مختلف یوتھ این جی اوز کے سربراہان اور پروفیشنلز شامل تھے۔

وزیرِ اعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو مختلف شعبہ جات میں بہتری کیلئے تجاویز دینے اور پاکستان کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں،پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،خادم پنجاب کے دور سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، وظائف اور معاشی طور پر کمزور طلبا و طالبات کو دانش سکولز کے ذریعے تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، وہ بطور خادم پاکستان بھی جاری ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش سکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے،پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔نوجوانوں نے نوجوانوں کی ترقی بالخصوص آئی ٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ملاقاتوں میں رانا مشہود احمد خان چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار، پاکستان کے امریکا میں سفیر رضوان احمد شیخ، وزیرِ اعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، سید قمر رضا چئیرمین اوور سیز فانڈیشن، مینیجنگ ڈائیریکٹر اوورسیز فانڈیشن افضال بھٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں