شفقت علی خان

بھارت کی جانب سے ویزا منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ویزہ منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں،پاکستان اپنے شہریوں کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس لینے کے لیے تیار ہے ا گر بھارت کی جانب سے ان کو سرحد پار کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

بھارت سے پاکستانی شہریوں کی واہگہ بارڈر کے ذریعے واپسی پر دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مستقبل میں بھی پاکستانی شہریوں کے لیے واہگہ بارڈر کھلا رہے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی جانب سے پاکستانی شہریوں کے ویزے ختم کرنے کے فیصلے نے سنگین انسانی چیلنجز پیدا کیے۔

متعدد مریض جن کی صحت اچھی نہیں تھی ان کو اپنا علاج مکمل کیے بغیر پاکستان واپس آنا پڑا۔ مزید برآں خاندانوں کے منقسم ہونے اور بچوں کے اپنے والدین میں سے کسی ایک سے جدا ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ واہگہ اٹاری بارڈر کراس کرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2025 تھی۔

اس تناظر میں ہم میڈیا کی ان رپورٹس سے آگاہ ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ کچھ پاکستانی شہری اٹاری میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اگر انڈین حکام انہیں اپنی طرف سے سرحد پار کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو ہم اپنے شہریوں کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں ۔