فیصل قریشی 14

بھارت پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر نہیں دیکھنا چاہتا، فیصل قریشی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کے معروف اداکار فیصل قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی ناظرین اور مارکیٹ پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر جگہ نہیں ملنے دینا چاہتے، جبکہ پاکستان میں نیٹ فلکس کی محدود تجارتی اہمیت بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے۔

فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی نیٹ فلکس پر محدود موجودگی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔

میزبان کے اس سوال پر کہ پاکستانی مواد نیٹ فلکس پر کب نظر آئے گا، اداکار نے جواب دیا کہ ان کے خیال میں بھارتی پاکستانی مواد کو نیٹ فلکس پر نہیں آنے دینا چاہتے، نیٹ فلکس ایسے مواد کو ترجیح دیتا ہے جو کسی بھی معاشرے کے مثبت اور منفی دونوں پہلوؤں کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کرے۔

فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں فلم ساز ہر موضوع پر کھل کر کام نہیں کر سکتے، کیونکہ اگر کوئی ملک کی مکمل اور تلخ حقیقت دکھائے تو بعد ازاں اسے مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اداکار نے پاکستانی مواد کی محدود موجودگی کی ایک اور وجہ پاکستان میں نیٹ فلکس کی کم تجارتی اہمیت کو قرار دیا، بیشتر پاکستانی صارفین اپنی ذاتی سبسکرپشن خریدنے کے بجائے دوستوں یا بیرونِ ملک مقیم رشتہ داروں کے اکاؤنٹس استعمال کرتے ہیں، جبکہ ایک ہی سبسکرپشن کئی افراد کے درمیان بھی شیئر کی جاتی ہے۔

اس صورتحال میں نیٹ فلکس کو پاکستان سے وہ مالی فائدہ حاصل نہیں ہوتا جو بھارت جیسے بڑے مارکیٹ سے ملتا ہے، اسی لیے پاکستان اس پلیٹ فارم کے لیے زیادہ پرکشش مارکیٹ نہیں بن سکا۔

فیصل قریشی نے مزید کہا کہ پاکستان میں کسی بھی نئی فلم کی ریلیز سے قبل اکثر لوگوں کا پہلا سوال یہی ہوتا ہے کہ یہ یوٹیوب پر کب دستیاب ہوگی، جو ڈیجیٹل مواد کے حوالے سے مقامی صارفین کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں