راجہ پرویز اشرف 14

بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی’راجہ پرویز اشرف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے آبی وسائل کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا اور اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی، پانی پاکستان کی لائف لائن ہے اور اسے روکنا کسی صورت ممکن نہیں،پاکستان آج ایک امن پسند اور ذمہ دار ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کی کوششوں میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا کلیدی حصہ رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی کے ہمراہ پیپلز سیکرٹیریٹ،158سی ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید، فیصل میر، نیلم جبار، نرگس فیض ملک، ندیم اصغر کائرہ، رائو بابر جمیل،ذیشان شامی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر اور دہشت گرد مسلسل ملک کے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں اور ہر پاکستانی کو قومی استحکام اور امن کے لیے متحد ہو کر بات کرنی چاہیے۔

جہاں امن ہوگا وہاں سیاسی اور معاشی استحکام بھی یقینی ہوگا جبکہ دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے عوامی اتحاد ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر خبر حقیقت پر مبنی نہیں ہوتی، اس لیے میڈیا کو کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل اس کی مکمل تصدیق کرنی چاہیے تاکہ افواہوں اور بے بنیاد اطلاعات کا راستہ روکا جا سکے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی وہاں کے مسائل کے حل کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلد آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور صدر آصف علی زرداری سمیت پیپلز پارٹی کی پوری قیادت کا کشمیر کے ساتھ گہرا اور تاریخی تعلق ہے اور پیپلز پارٹی مسئلہ کشمیر پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی نشستوں کا معاملہ آئینی نوعیت کا ہے، جس کا فیصلہ نئی قانون ساز اسمبلی کرے گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔راجہ پرویز اشرف نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کر رہا ہے حالانکہ وہ یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ موقف غیر منطقی ہے اور عالمی عدالت انصاف بھی ایسے موقف کو مسترد کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہیں، تاہم ان کا حل پارلیمان کے اندر نکالا جانا چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور موجودہ حالات میں ملک کو ایک جامع سیاسی مکالمے کی ضرورت ہے، جس میں تمام سیاسی قوتیں شریک ہوں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور اسے کسی قسم کی یقین دہانی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے معاملے پر قومی مقف کو ہمیشہ بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینا ہر شہری اور ہر سیاسی جماعت کا بنیادی جمہوری حق ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مذاکرات اور سیاسی مکالمے کا راستہ بند نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت پر سیاست یا انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھارت 10مئی کی شکست کا بدلہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر کے لینا چاہتا ہے، تاہم پوری قوم کو اپنی مسلح افواج اور شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے کیونکہ قوموں کی ترقی اور بقا کے لیے کئی نسلیں قربانیاں دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلی وزیراعظم کا آئینی اختیار ہیتاہم قانون کی عملداری سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے۔

انہوں نے غیر ملکی خواتین کے مبینہ اغوا کے مقدمے میں شفاف اور بلاامتیاز انصاف فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ 25جولائی کو مینار پاکستان میں ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں اور فیصل میر اور ڈاکٹر عائشہ کی ٹیم اس سلسلے میں بھرپور محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے تحت بلدیاتی نظام فعال ہے اور امید ہے کہ بلدیاتی نظام کے ثمرات پنجاب کے عوام تک بھی پہنچیں گے۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پارٹی میں تنظیم سازی کی مہم جاری ہے اور چند اضلاع میں تنظیمی تبدیلیاں ہونا ابھی باقی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے لیے خصوصی الیکشن سیل قائم کر دیا گیا ہے اور مختلف اضلاع میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ کارکنوں کو متحرک کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی حلقہ بندیوں پر پارٹی کو شدید تحفظات ہیں اور حکومت حلقہ بندیوں میں بے ضابطگیوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔ سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ جو لوگ ماضی میں وی آئی پی کلچر کے خلاف نعرے لگاتے تھے، آج خود مراعات حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے قائد کو رہا کرانے میں ناکامی کے بعد اب وہ اپنے لیے مراعات بڑھانے کے لیے قانون سازی کرتے نظر آتے ہیں، جبکہ عوام مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی رول آف لا کا تقاضا ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے، نہ کہ حکمران اپنی مراعات میں اضافہ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں