جعفرخان مندوخیل 26

بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال توجہ طلب ہے ، جلدقابو پا لیں گے ،شیخ جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ(رپورٹنگ آن لائن) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال توجہ طلب ہے ، جلد ہی اس پر قابو پا لیں گے ، ایران امریکہ جنگ کے خاتمے میں پاکستان نے بہترین کردارادا کیا ہے ، جنگ ختم نہ ہوئی تو مہنگائی اور بڑھے گی، یہ بات انہوں نے بدھ کو گورنر ہائوس کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نوابزادہ خالد مگسی، صوبائی وزیر میر عاصم کردگیلو ، پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی ،رکن اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ بھی موجود تھے ۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال توجہ طلب ہے ، مشکل حالات آتے ہیں جلد ہی ان پر قابو پا لیں گے حکومت نے قیام امن کے لیے مختلف اقدامات شروع کیے ہیں جنکے ثمرات جلد نظر آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایران امریکہ جنگ کے خاتمے میں کردار کی پوری دنیا تعریف کر رہی ہے مشرق وسطیٰ کے ممالک بھی پاکستان کے معترف ہیں مذاکراتی عمل کا نتیجہ کیا ہوگا یہ فریقین پر منحصر ہے لیکن قیام امن کے لیے جس طرح وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ امریکہ اور ایران کی جنگ ختم نہ ہوئی تو ہم روٹی بھی نہیں خرید پائیں گے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا براہ راست اثر مہنگائی کی صورت میں پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک معاشی طور پر مستحکم ہے امید ہے جنگ کے خاتمے کے بعد صورتحال بہتر ہو جائے گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں