کراچی(رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کراچی میں پریس کانفرنس کو قومی یکجہتی، ملکی بہتری اور عوامی امنگوں کی بھرپور ترجمانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اہم قومی فیصلے آئین، جمہوری اصولوں اور عوامی خواہشات کو مدنظر رکھ کر ہی کیے جانے چاہئیں، بصورت دیگر ان کے مثبت نتائج برآمد نہیں ہوسکتے۔
اپنے بیان میں ناصر شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اہمیت کے فیصلوں میں پارلیمنٹ کو نظرانداز کرنے کے منفی اثرات کی بروقت نشاندہی کی ہے۔ ان کی پریس کانفرنس میں قومی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز بھی پیش کی گئیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی پیش کردہ تجاویز کو مثبت انداز میں لیا جائے تو ملک کو درپیش قومی مسائل کے حل کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔ناصر شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی خواہش ہے کہ ملک میں سیاسی گھٹن کے بجائے سیاسی مکالمے اور مفاہمت کو فروغ دیا جائے تاکہ تمام سیاسی قوتوں کے لیے آگے بڑھنے کے راستے کھل سکیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی معاملات پر اجتماعی دانش اور مشاورت سے فیصلے کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جمہوریت اور پارلیمانی سیاست کا بنیادی تقاضا ہے کہ تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے، کیونکہ یہی حقیقی عوامی نمائندگی اور قومی یکجہتی کا راستہ ہے۔ناصر شاہ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کو بااختیار بنانا، تمام سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینا اور قومی معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنا جمہوری نظام کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔







