بلاول بھٹو زرداری 19

بلاول بھٹو زرداری کا بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران 9 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں 9 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کارروائیوں میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کا کردار اہم ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جو ناقابلِ فراموش ہیں۔

ان قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مسلسل اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے امن و امان کے قیام اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو اہم قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں