گڑھی دوپٹہ (رپورٹنگ آن لائن ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے الیکشن نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔آزاد کشمیر الیکشن نتائج پر پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں گرما گرمی بڑھ گئی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مظفر آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم چودھری یاسین کے حلقے میں دھاندلی کے نتائج کیوں تسلیم کریں، 30 پولنگ سٹیشنز پر قبضہ کرنے اور ٹھپے لگانے کے ویڈیو ثبوت موجود ہیں، ان 30 پولنگ سٹیشنز پر نوے فیصد ٹرن آؤٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چودھری یاسین کے حلقے میں ری پولنگ کرائی جائے، پیپلز پارٹی کا مقابلہ اس جماعت سے ہے جو نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہے، سیاسی میدان میں شکست ملتی ہے تو قبول کرنے کو تیار ہوں، لیکن چوری شدہ رزلٹ تسلیم نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سچ اور مفاہمت کمیشن بنا کر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کیا جائے، کشمیری عوام کے ووٹ پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، یقین دلاتا ہوں ہر چوری او ر چھینی ہوئی نشست ان سے واپس دلائیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ میں کشمیر کے عوام کو حق ملکیت دلانا چاہتا ہوں، میں یہ حقوق بندوق کے زور پر نہیں لوں گا، میں سڑکیں بند کرکے نہیں الیکشن جیت کر عوام کو حقوق دلاؤں گا۔









