نشو بیگم 14

بزرگ والدین اپنی زندگی میں تمام جائیداد بچوں کے نام منتقل نہ کریں’ نشو بیگم

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نشو نے بزرگ والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اپنی تمام جائیداد بچوں کے نام منتقل کرنے سے گریز کریں کیونکہ مالی خودمختاری بڑھاپے میں عزت اور تحفظ کا ذریعہ بنتی ہے۔ایک انٹر ویو میںگفتگو کرتے ہوئے نشو نے کہا کہ بڑھاپے میں انسان کو سب سے زیادہ اپنی صحت اور اپنے مالی وسائل کا خیال رکھنا چاہیے، اگر بزرگ اپنی زندگی میں اپنی تمام جائیداد بچوں کے نام کر دیں تو بعض اوقات ان کی اہمیت اور عزت متاثر ہو سکتی ہے۔

نشو نے کہا کہ میں سب سے ایک بات ضرور کہنا چاہتی ہوں، چاہے اس کے بعد لوگ میرے بارے میں کچھ بھی کہیں، بڑھاپے میں ہمیشہ اپنی صحت اور اپنی دولت کا خیال رکھیں ورنہ آپ کی قدر ختم ہو جاتی ہے، ہر کوئی ایسا نہیں ہوتا لیکن کچھ لوگ ضرور ایسے ہوتے ہیں وہ آپ کو وقت سے پہلے ہی ختم کر دیتے ہیں آپ کو جیتے جی کھا جاتے ہیں۔

آپ کے انتقال کے بعد ویسے بھی آپ کی جائیداد ان تک پہنچ جائے گی لیکن اگر آپ اپنی زندگی میں سب کچھ ان کے حوالے کر دیں گے تو پھر آپ کی حیثیت ان کی نظر میں ختم ہو جائے گی۔اگر آپ کے پاس دولت ہوگی تو وہ آپ کی دوا بھی لے کر آئیں گے۔ آج کے دور میں ایسے واقعات واقعی ہو رہے ہیں۔ ہمیں دنیا کے سامنے نہیں بلکہ اللہ تعالی کے سامنے جوابدہ ہونا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں