کامران ٹیسوری 43

بدعنوانی کا خاتمہ اور شفاف نظام کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، گورنر سندھ

کراچی ( رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا خاتمہ اور شفاف نظام کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اس ضمن میں اداروں میں احتساب کے عمل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قومی احتساب بیورو کو مؤثر اقدامات یقینی بنانے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں ڈائریکٹر جنرل سندھ قومی احتساب بیورو شکیل احمد درانی سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں ادارہ جاتی کارکردگی، سرکاری اداروں میں شفافیت کے فروغ کے لیے نیب کے اقدامات، زیر التواء مقدمات اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سرکاری اداروں میں شفافیت کے لیے قومی احتساب بیورو کے اقدامات لائقِ تحسین ہیں، تاہم عام آدمی کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے اداروں کو مزید فعال اور مؤثر بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل مضبوط ہوگا تو عوام کا اعتماد بحال ہوگا اور نظام میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ شکیل احمد درانی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب کی کوششیں مسلسل جاری ہیں، جبکہ زیر التواء کیسز کے جلد فیصلے اور مؤثر احتساب پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں