لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ملک بھر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ عوام کی تکالیف کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔ سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورا ملک بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ سے بری طرح متاثر ہے، بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 49 ہزار میگا واٹ ہے اور اس وقت استعمال نصف سے بھی کم ہے۔
مگر عوام کو بجلی میسر نہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر تیل و گیس سے بجلی پیدا کرنے میں مشکلات ہیں تو دیگر ذرائع سے بآسانی درکار بجلی مل سکتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پیداواری صلاحیت میں اضافہ صرف آئی پی پیز کو نوازنے کے لیے کیا گیا تھا؟ جو کیپیسٹی چارجز (Capacity Charges) کی مد میں بجلی بنائے بغیر ہزاروں ارب وصول کرچکی ہیں۔ توانائی شعبہ میں حکومتی نااہلی کی سزا عوام اور صنعت کار بھگت رہے ہیں اور فائدہ آئی پی پیز کا ہورہا ہے۔
گزشتہ چند دنوں سے ملک کے طول و عرض میں اوسطاً بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اور اس بدترین بحران کا آغاز گرمی کی شدت میں تھوڑے اضافہ کے ساتھ ہی ہوگیا۔ لاہور میں خصوصی طور پر رات کے اوقات میں ہرگھنٹہ کے بعد ایک گھنٹہ کے لیے بجلی غائب ہوجاتی ہے۔ کروڑوں لوگ اس بحران سے بری طرح متاثر ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران فی الفور بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرکے عوام کو سستی بجلی فراہم کریں۔









