بجلی صارفین 15

بجلی 2.52 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری، نیپرا کو درخواست جمع کرا دی گئی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ملک بھر کے لیے بجلی 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا دی۔نیپرا اعلامیے کے مطابق سی سی پی اے نے درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی ہے، جس کے مطابق جولائی میں درآمدی ایل این جی سے فی یونٹ بجلی 47 روپے 37 پیسے میں بنی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایل این جی سے 77 ارب 19 کروڑ روپے کی 10.78 فیصد بجلی بنائی گئی جبکہ جولائی میں فرنس آئل سے 1.42 فیصد بجلی بنائی گئی، فرنس آئل سے 10 ارب 77 کروڑ روپے کی بجلی پیدا کی گئی۔درخواست کے مطابق پانی سے 39.81 فیصد، مقامی کوئلے سے 10.91 فیصد ، درآمدی کوئلے سے 14.38 فیصد اور نیوکلیئر ذرائع سے 10.10 فیصد بجلی پیدا کی گئی، نیوکلیئر ذرائع سے فی یونٹ فیول لاگت 3 روپے 2 پیسے رہی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں ڈیزل سے بھی 3 کروڑ 10 لاکھ یونٹ بجلی بنائی گئی، ڈیزل سے فی یونٹ لاگت 54 روپے 47 پیسے رہی۔نیپرا کے مطابق سی سی پی اے کی درخواست پر سماعت 27 اگست کو ہو گی، منظوری کی صورت میں صارفین پر جی ایس ٹی سمیت 41 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں