لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود ہماری بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہونے دی گئی ، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت اور سکیورٹی کے حوالے سے قوم میں پہلے ہی تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے اس تشویش کو کم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ملاقاتوں میں تعطل نہ آنے دیا جائے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی فیملی اور وکلا ء کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ،حکومت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے سے انکار کر کے اس تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل کے اندر ان کی فیملی، وکلا ء یا قریبی رفقا ء سے کیا خطرہ ہونا تھا جو ملاقاتوں سے روکا گیا ۔
بانی چیئرمین کو اصل خطرہ اس سلیکٹڈ ٹولے سے ہے جو مسلسل ان کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ایک طرف مفاہمت کی باتیں کی جاتی ہیں اور دوسری جانب اس طرز کا رویہ ہے جس سے کئی سوال جنم لے رہے ہیں۔









