واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)وائٹ ہائوس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اگلے بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلیوان نے صحافیوں کو بیان میں کہا کہ دونوں رہنما امریکہ اور اسرائیل کے درمیان مشترکہ جمہوری اقدار اور ایک زیادہ مستحکم، خوشحال اور مربوط خطے کے ویژن پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ دونوں ایران کا مثر طریقے سے مقابلہ کرنے اور اسے روکنے کے طریقوں پر بھی غور کریں گے۔
نیتن یاہو نے اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ امریکہ کا دورہ کریں گے۔ اس دوران انہوں نے امریکی حکام میں سے کسی سے بھی ملاقات کا ذکر نہیں کیا تھا۔یاد رہے بائیڈن نے ان عدالتی ترامیم پر تنقید کی ہے جن کی نیتن یاہو کی سربراہی میں دائیں بازو کی اسرائیلی حکومت منظوری کے لیے کوشاں ہے۔
اسرائیل میں اپوزیشن ان ترامیم کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دے رہی ہے۔نیتن یاہو کو دسمبر میں اسرائیلی حکومت میں واپس آنے کے بعد وائٹ ہاس کا دورہ کرنے کا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔ بائیڈن نے اس حکومت کو اسرائیل کی تاریخ میں سب سے زیادہ انتہا پسند قرار دیا تھا۔