کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان رابطے اور صنعتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس کا 75 سالہ سفر اعتماد، تسلسل، جدوجہد، تجربے اور قومی خدمت کی قابل قدر تاریخ ہے۔
یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کی 75ویں پلاٹینم جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چودھری سالک حسین، صوبائی وزیر محنت سعید غنی، عالمی ادارہ محنت کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو، مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔گورنر سندھ نے کہا کہ کوئی بھی صنعت مزدوروں کی خدمات کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، محنت کش ملکی معیشت اور صنعتی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ اور کاروباری سرگرمیوں کا فروغ ایک دوسرے سے لازم و ملزوم ہیں، اس لیے حکومت، صنعتکاروں اور مزدوروں کو مل کر معیشت کی بہتری اور استحکام کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود اور کاروبار دوست پالیسیوں کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ وفاقی وزیر چودھری سالک حسین کی تقریب میں شرکت مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب سے وفاقی وزیر چودھری سالک حسین، عالمی ادارہ محنت کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے صنعتی و معاشی ترقی میں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان اور محنت کشوں کے کردار کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر صنعتی اور کاروباری شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں کو ”گیم چینجر آئیکنز آف پاکستان ایوارڈز” دیے گئے۔









