کراچی(رپورٹنگ آن لائن) ملک میں مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ جاری ہے، وفاقی ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران پیاز، ٹماٹر، آٹا اور توانائی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق 20 اگست 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کی بنیاد پر سالانہ مہنگائی کی شرح 9.66 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0.49 فیصد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ 132.52 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ٹماٹر 93.21 فیصد مہنگے ہوئے۔ اسی عرصے میں گندم کے آٹے کی قیمت میں 62.25 فیصد، ایل پی جی 51.69 فیصد، ڈیزل 33.08 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 27.65 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران کیلے 17.66 فیصد، مٹن 15.98 فیصد اور بیف 13.54 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر آلو 30.01 فیصد، چینی 19.10 فیصد، مرغی کا گوشت 17.68 فیصد اور انڈے 17.41 فیصد سستے ہوئے۔ دال چنا کی قیمت میں 13.02 فیصد، دال مسور 12.29 فیصد جبکہ گڑ کی قیمت میں 6.01 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ہفتہ وار بنیاد پر بھی مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 51 ضروری اشیا میں سے 23 اشیا کی قیمتیں بڑھیں، 10 سستی ہوئیں جبکہ 18 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اس دوران پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ 14.17 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیٹرول 3.77 فیصد اور مرغی 3.35 فیصد مہنگی ہوئی۔دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران انڈے 5.78 فیصد، ڈیزل 5.15 فیصد، ٹماٹر 4.99 فیصد اور آلو 1.17 فیصد سستے ہوئے۔ ایل پی جی کی قیمت میں بھی 1.04 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ اگرچہ بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر کمی ہوئی ہے، تاہم پیاز، ٹماٹر، آٹا اور ایندھن سمیت روزمرہ استعمال کی متعدد اہم اشیا مہنگی ہونے کے باعث عوام پر مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے۔









