شہباز اکمل جندران۔۔
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد میں بڑا سکینڈل سامنے آیا ہے۔ذرائع سے علم میں آیا ہے کہ فیصل آباد کی موٹر برانچ سے مختلف سیریز کے تین ہزار گاڑیوں پر مشتمل 6الاٹمنٹ رجسٹر ریکارڈ سے غائب ہیں اور الزام ہے کہ موٹر برانچ کے اپنے ہی سٹاف نے یہ رجسٹر جعلسازوں کے ہاتھوں مبینہ طورپر فروخت کردیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کی موٹر برانچ سے گاڑیوں کی سیریز FSOکا 501سے 1000تک نمبروں پر مشتمل الاٹمنٹ رجسٹر غائب ہے۔یہ رجسٹر MTCظہور احمد کی حفاظت میں تھا۔اسی طرح ایم ٹی سی نجم الحسن کی کسٹڈ ی سے FSMسیریز کا 501سے 1000تک اور FDUسیریز کا 001سے500نمبر تک کا الاٹمنٹ رجسٹر غائب ہے۔
MTCامان اللہ کی حفاظت سے FSNسیریز کا 001سے 500نمبر تک کا الاٹمنٹ رجسٹر،JCOاویس امجد کی حفاظت سے FSEسیریز کا 501سے 1000تک کا الاٹمنٹ رجسٹر جبکہ DPOعمران خان کی حفاظت سے FSPسیریز کا 5001سے 5500رجسٹریشن نمبر کا الاٹمنٹ رجسٹر غائب ہے۔
اس سلسلے میں موٹربرانچ کے انسپکٹر امجد اقبال اور اخترحسین نے ایک رپورٹ تیار کرکے ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد رانا انتخاب احمد کو جع کروائی ہے اور ریگولر انکوائری کی سفارش کی ہے جس پر ڈائریکٹر نے انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ موٹربرانچ کے کرپٹ اہلکار جعلسازوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں اور بھاری رشوت لیکر الاٹمنٹ رجسٹر ریکارڈ سے غائب کرکے انہیں بیچ دیتے ہیں جو الاٹ شدہ رجسٹریشن نمبروں پر UN-FED DATAکی آڑ میں چوری شدہ اور نان کسٹم گاڑیاں فیڈ کرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی گاڑیوں کا سٹیٹس بھی مشکوک بنا دیتے ہیں۔
اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایکسائز فیصل آباد رانا انتخاب احمد کا کہنا ہے کہ کسی بھی جعلسازاور فراڈیئے کو نہیں بخشوں گااور جو لوگ ان کی پشت پناہی کررہے ہیں انہیں بھی عبرت حاصل ہوگی۔