اعظم نذیر تارڑ

ایوان میں وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت کی عدم موجودگی پر اعتراض درست نہیں، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی خزانہ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں مصروف ہیں، وزارت خزانہ کے سینئر افسران ارکان کی تقاریر کے نوٹس لینے کیلئے موجود ہیں۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے بجٹ پر بحث کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ کی عدم موجودگی کا معاملہ اٹھایا جس کے جواب میں وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت برائے خزانہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کی خزانہ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں میں مصروف ہیں.

وزارت خزانہ کے سینئر افسران ارکان کی تقاریر کے نوٹس لینے کیلئے موجود ہیں، کابینہ کی اجتماعی ذمہ داری کے تحت جواب دینے کے لئے وہ خود بھی ایوان میں موجود ہیں اس لئے وفاقی وزیر خزانہ اور وزیر مملکت کی عدم موجودگی پر اعتراض درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ کے افسران ارکان کی طرف سے اٹھائے جانے والے نکات سے وفاقی وزیر خزانہ کو آگاہ کر دیں گے۔