محمد جاوید قصوری 18

ایل پی جی بحران شدت اختیار کر گیا، عوام مہنگی گیس خریدنے پر مجبورہیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ایل پی جی کے بڑھتے ہوئے بحران اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان شہری اب کھانا پکانے کے لیے استعمال ہونے والی گیس بھی مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ لاہور میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت 600 سے 650 روپے تک پہنچنے اور چھوٹے شہروں و دیہات میں 700 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں اس قدر اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ متعدد علاقوں میں گیس کی قلت کے باعث دکانیں بند ہو رہی ہیں،جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میںایل پی جی کی درآمد اور رسد میں اضافے کے باوجود صارفین کو قیمتوں میں کمی کا ریلیف نہ ملنا حکومتی پالیسیوں اور قیمتوں کی نگرانی کے نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔ اگر گیس کی فراہمی میں اضافہ ہو رہا ہے تو اس کے ثمرات عام صارف تک کیوں نہیں پہنچ رہے؟ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس بات کی وضاحت کرے کہ رسد بہتر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے بجائے مسلسل بلند کیوں ہیں۔

ایل پی جی کی قیمتوں پر مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث ناجائز منافع خوری اور مبینہ استحصال کی شکایات بڑھ رہی ہیں۔ دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیاں انہیں مہنگی گیس فراہم کر رہی ہیں، جس کے باعث وہ بھی زیادہ قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی وجوہات کا شفاف تعین کرے اور سپلائی چین کے ہر مرحلے پر جواب دہی یقینی بنائے۔محمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایل پی جی کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے فوری اقدامات کرے،

سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور غیر قانونی قیمتوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے لیے کھانا پکانا بھی مشکل بنا دینا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو محض اعلانات کے بجائے عملی ریلیف فراہم کرے، تاکہ مہنگائی کے ستائے ہوئے شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں