امریکی وزیرِ خارجہ 15

ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا فیصلہ درست تھا،امریکی وزیرخارجہ

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن )امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے اسے درست اقدام قرار دے دیا۔

فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران کے حقیقی خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کا مقابلہ کیا، چاہے ان کا یہ فیصلہ عوام میں مقبول نہ بھی ہو۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کو درپیش مشکل چیلنجز کا مقابلہ کرنا ضروری ہوتا ہے، چاہے اس کے لیے غیر مقبول فیصلے ہی کیوں نہ کرنا پڑیں۔امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے وہ اقدام کیا جو ان سے پہلے امریکی صدور نہیں کرسکے۔مارکو روبیو نے کہا کہ امید ہے کہ دونوں امریکی سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہوں گی کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ایران امریکا، اسرائیل، مشرق وسطی اور پوری دنیا کے لیے ناقابل قبول اور خطرناک ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جس کی وجہ تہران کے ناقابل قبول اور بعض صورتوں میں غیر معمولی مطالبات ہیں۔مارکو روبیو نے کہا ہے کہ مختلف ممالک ثالثی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ایران کے ساتھ مختلف تجاویز پر بات چیت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ مذاکرات میں کسی بڑی پیش رفت کے قریب پہنچنے کی صورتحال نہیں ہے، صدر ٹرمپ ہمیشہ سفارتی ذرائع سے مسائل حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم بعض اوقات ایسا ممکن نہیں ہوتا۔مارکو روبیو کا کہناتھا کہ اگر کسی معاہدے کا امکان ہوا تو امریکا اس کا جائزہ ضرور لے گا، لیکن فی الحال مذاکرات زیادہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہورہے کیونکہ ایران کے مطالبات ناقابل قبول، غیر حقیقت پسندانہ اور بعض صورتوں میں مضحکہ خیز ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں