بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کی صورتحال کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے حالات کے بارے میں چین کا موقف بہت واضح ہے۔
یہ جنگ، جو سرے سے ہونی ہی نہیں چاہیے تھی، اسے جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ جتنا جلد ممکن ہو مسئلے کا حل تلاش کرنا نہ صرف امریکا اور ایران بلکہ خطے کے تمام ممالک اور پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین ہمیشہ اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ مذاکرات اور بات چیت ہی درست راستہ ہیں۔ جب مکالمے کا دروازہ کھل چکا ہے تو اسے دوبارہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ ایران کے جوہری مسئلے سمیت دیگر معاملات پر فریقین کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے بات چیت اور مشاورت کے ذریعے قابلِ قبول حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ عالمی پیداوار اور سپلائی چین کے استحکام اور روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بحری راستوں کو جلد از جلد بحال کیا جانا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی تک فوری طور پر پہنچنا چاہیے تاکہ مشرقِ وسطیٰ اور خلیجی خطے میں جلد امن و استحکام بحال ہو سکے۔
ترجمان نے زور دے کر کہا کہ جنگ کے آغاز سے ہی چین امن کے قیام کے لیے مسلسل کوششیں کرتا رہا ہے۔ چینی صدر شی جن پھنگ نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے تحفظ اور فروغ کے لیے چار نکاتی تجویز پیش کی، جبکہ چین اور پاکستان نے خلیج اور مشرقِ وسطیٰ کے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے مشترکہ طور پر پانچ نکاتی اقدام بھی پیش کیا۔ چین آئندہ بھی عالمی برادری کے ساتھ مل کر مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔









